۲۷ آبان ۱۴۰۳ |۱۵ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 17, 2024
علامہ عارف حسین واحدی

حوزہ/ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے معروف عالم دین،صدائے اسلام ادارے کے سربراہ جناب قاری ابرار حسین قادری سے ان کے ہیڈ آفس میں تفصیلی ملاقات کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، اس ملاقات میں دونوں شخصیات نے دیگر علمائے کرام اور شخصیات کے ساتھ مل کر علاقے میں امن و امان قائم کرنے، بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے اور اتحاد و وحدت اور محبت و اخوت کی فضا قائم کرنے پر اتفاق رائے کیا تاکہ کوئی شرپسند ہمارے امن کو تباہ و برباد نہ کر سکے۔

علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: ملکی اور بین الاقوامی حالات کو دیکھا جائے تو ہر باشعور آدمی سمجھتا ہے کہ عالمی سامراجی قوتیں مسلسل کوششیں کر رہی ہیں کہ امت کو تقسیم کر کے ہم مسلمانوں پر اپنا تسلط قائم کریں۔

انہوں نے مزید کہا: یہ یقینی امر ہے کہ امت میں جب انتشار،افتراق اور تنازعات ہوں گے تو شیطانی قوتیں اور سازشیں مضبوط ۃوں گی اور دشمن خوش ہو گا اور اگر مثبت سوچ کے حامل علمائے کرام اور مشائخ عظام امت میں وحدت کی فضا قائم کرنے میں کامیاب ہوں تو دشمن مایوس اور ہر مسلمان دلی طور پر خوش ہو گا۔

ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے نائب صدر نے کہا: غزہ،جنوبی لبنان،کشمیر اور فلسطین کے مظلومین ہم سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ ہماری صفوں میں اتحاد قائم ہو۔ اگر یہ ہدف حاصل جائے تو ظلم و بربریت کے مقابلے میں ہم سب سرخرو ہوں گے ان شاءاللہ۔

آخر میں دونوں راہنماؤں نے پیغام دیا کہ آئیں سب مل کر امت واحدہ، امت وسط اور امت خیر کے قرآنی تصور کو اپنے معاشرے میں عملی طور پر اجاگر کریں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .